آپ بابے ہیں

میں یہ عرض کر رہا تھا کہ بابے وہ ہوتے ہیں جن میں تخصیص نہیں ہوتی – اگر آپ زندگی میں کبھی کسی شخص کو آسانی عطا کر رہے ہیں تو آپ بابے ہیں –
اگر آپ آسانی نہیں عطا کر رہے تو پھر آپ اپنی ذات کے ہیں – بابوں میں نہ جنس کی قید ہوتی ہے نہ عمر کی –

میری چھوٹی پوتی نے اس دفعہ گرمیوں کی چھٹیوں میں ایک عجیب و غریب بات کی جو میں تو نہیں کر سکا – اس نے اسکول کی تھرماس لے کے اس میں سکنجبین بنائی –
بہت اچھی ، ٹھنڈی اور برف ڈالی اور اس کو جہاں ہمارا لیٹر باکس لگا ہے ، درخت کے ساتھ ہے ، اس درخت کی کھوہ میں رکھ دیا – اور ایک خط لکھ کے پن کر دیا اس کے ساتھ –

اس نے لکھا ، ” انکل پوسٹ مین ! آپ گرمی میں خط دینے آتے ہیں تو آپ بائیسکل چلاتے ہو ، بڑی تکلیف ہوتی ہے – میں نے آپ کے لئے یہ سکنجبین بنائی ہے – یہ آپ پی لیں – میں آپ کی بڑی شکر گزار ہونگی – ”

ہاں جی تو دوپہر کو ہم روز زبردستی سلا دیتے تھے بچوں کو –

شام کو جب جاگی تو وہ لے آئی تھرماس ، دیکھا تو وہ خط تھا اس کا –

اس کے اوپر ہرکارے نے لکھا تھا ! ” پیاری بیٹی تیرا بہت شکریہ ……. میں نے سکنجبین کے دو گلاس پیے اور اب میری رفتار اتنی تیز ہو گئی ہے کہ میں ایک پیڈل مارتا ہوں تو دو کوٹھیاں آسانی سے سے گزر جاتا ہوں – تو جیتی رہ – الله تجھے خوش رکھے – کل جو بنائے گی اس میں چینی کے دو چمچ زیادہ ڈال دینا – ”

یہ اس کی محبّت ہے نہ – یہ بچی جو ہے چھوٹی سی خواتین و حضرات اس نے بابا کی طرح آسانی دی تھی – اس نے ایک تعلق محسوس کیا تھا اس سے –

Facebook Comments

POST A COMMENT.