خوش رہیں !!

آپ نے بہت لوگوں سے سنا ہوگا کہ اپنے آپ کو خوش رکھیں ۔ اگر آپ خود کو خوش نہیں رکھ سکتے تو یقین کریں آپ دوسروں کو بھی خوش نہیں کر سکتے ۔
اپنا انداز فکر اور خیالات بدلیں ۔اگر آپ زندگی کو خوشی کے زاویے سے دیکھیں تو آپ کو موسم کی خوبصورتی جو بارش کے بعد ہوتی ہے اسے محسوس کر سکیں گے ۔ وہ تازگی آپ کو پر امید کر دے گی جب آپ پُر امید ہوں گے تو آپ کا دل رب کی اس رحمت کو محسوس کرے گا اور آپ کا دل خوشی سے بھر جائے گا ۔
لیکن اگر آپ کا انداز فکر مختلف ہے اور آپ کے اندر قنوطیت ہے تو یہ حسین لمحات آپ کے لیے کسی خوشگوار تاثر کے حامل نہیں ہوں گے ۔ آپ اس بارش کو زحمت سمجھیں گے اور بارش کے بعد آپ کو ہر طرف پانی اور گند دکھائی دے گا ۔
یہ آپ کے خیالات ہیں جو آپ کو ارد گرد کا ماحول بنا کر دیتے ہیں ۔
اگر آپ خود کو خوش نا رکھنا چاہیں تو کوئی دوسرا آپ کو خوش نہیں کر سکتا ۔
زندگی کامیابیوں اور نا کامیوں کا مجموعہ ہے ۔
مایوسانہ انداز فکر آپ کو بزدل اور نا امید بنا دیتا ہے ۔ کسی بھی بات یا واقعہ کے دونوں پہلووْں کو مد نظر رکھا کریں ۔
جہاں تک ہو سکے مثبت پن اپنائیں ۔
ماضی میں جو کچھ ہوا اسے حال اور مستقبل کی راہ میں رکاوٹ نا بنائیں ۔ بلکہ اپنی نا کامیوں میں اپنی کوتاہیاں تلاش کریں اور انہیں دور کرنے کی کوشش کریں ۔
اپنے ذہن سے نا کامی اور شکست جیسے خیالات کو نکال دیں ۔ پْر امید رہیں ۔ اپنی زندگی میں حُسن اور نکھار پیدا کریں ۔ ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ اپنے بارے میں پست خیالات رکھنا ،خود کو مظلوم بنانا اور اپنی فطری صلاحیتوں سے کام نہ لینا انسانیت کی توہین ہے ۔
اپنی خامیوں اور خرابیوں کا تجزیہ کریں
آپ کو پتا چلے گا کہ آپ نے اپنی بیشمار خوبیوں کو ایک خامی تلے دبایا ہوا ہے ۔
پس اپنی خوبیوں کو باہر نکالیں اور خامیوں کو درست کریں ۔
آپ کو اپنے اوپر یقین ہونا چاہیے ۔اپنے آپ کو خوش رکھیں اور رب کا شکر ادا کریں جس نے آپ کو بہت کچھ دے رکھا ہے ۔
نا خوش رہ کر رب کو ناراض مت کریں یہ نا شکری ہے ۔
شکر ادا کریں اور مثبت پن کے ساتھ خوش رہیں ۔

#قلمکاریاں

 

Facebook Comments

POST A COMMENT.